لاہور میں فضائی آلودگی کی صورتحال ایک بار پھر انتہائی تشویشناک ہوگئی، شہر دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آگیا، جبکہ مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 447 ریکارڈ کیا گیا۔
فضائی آلودگی کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق لاہور کے مختلف علاقوں میں آلودگی کی شرح خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے۔ پیراگون سٹی میں ایئر کوالٹی انڈیکس 794 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ اقبال ٹاؤن 643 اے کیو آئی کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔اسی طرح برکی روڈ میں فضائی آلودگی کی شرح 499، بیدیاں روڈ میں 431 اور ماڈل ٹاؤن میں 429 ریکارڈ کی گئی۔ چمن پارک کا اے کیو آئی 370، ڈی ایچ اے فیز فائیو کا 368 جبکہ عسکری ٹین میں 263 رہا۔ماہرین کے مطابق فضائی آلودگی میں اضافے سے شہریوں کی صحت متاثر ہونے کا خدشہ ہے، خصوصاً بچوں، بزرگوں اور سانس کے امراض میں مبتلا افراد کو زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے۔ماہرین نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کرنے اور ناگزیر صورت میں باہر جاتے وقت حفاظتی ماسک استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔