لاہور،عدالت میں پیشی پر آئے ملزمان پر مدعی پارٹی کا حملہ، ایک ملزم بے ہوش

لاہور(آئی این پی )لاہور کی سیشن کورٹ میں پیشی پر آئے ملزمان پر کمرہ عدالت میں مدعی پارٹی نے حملہ کردیا، تشدد کے نتیجے میں ملزم عامر بے ہوش ہوگیا۔ رپورٹ کے مطابق ملزمان عبوری ضمانت کیلئے سیشن کورٹ کے کمرہ عدالت میں موجود تھے، جہاں ان کی جانب سے محمد خورشید ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔دورانِ سماعت فاضل جج کی موجودگی میں مدعی پارٹی کے 15 سے 20 افراد نے ملزمان پر تشدد شروع کردیا۔واضح رہے کہ ملزمان کے خلاف تھانہ کاہنہ میں مقدمہ درج تھا۔ کمرہ عدالت میں سماعت کے دوران مدعی پارٹی نے حملہ کیا، جس پر تھانہ اسلام پورہ کی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔واقعے کے بعد ریسکیو 1122 نے کمرہ عدالت سے زخمی ملزم کو اسپتال منتقل کردیا۔