غیر تسلی بخش صفائی پر سالڈ ویسٹ کمپنیاں ختم کرنے اور لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، ملتان ‘ڈیرہ غازی خان میں سیلف آپریشن کا فیصلہ
صوبے بھر میں صفائی کی صورتحال میں 100 فیصد بہتری لا نے کیلئے 15 دن کا ٹاسک دے دیا گیا ‘مرکزی سڑکوں کی روزانہ دھلائی کا حکم
ہر شہر اور ہر علاقے میں ورکرز کی تنخوا ہ کی بروقت ادائیگی یقینی بنانے کا حکم، اجلاس میں خالی پلاٹ پر کوڑا کرکٹ نظر آنے پر مالکان کو جرمانہ کرنے پر غور
لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صفائی کی صورتحال میں 100 فیصد بہتری لا نے کیلئے 15 دن کا ٹاسک دے دیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں ستھرا پنجاب کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں غیر تسلی بخش صفائی پر سالڈ ویسٹ کمپنیاں ختم کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔اس موقع پرلاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، ملتان اور ڈیرہ غازی خان میں سیلف آپریشن کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے صوبہ بھر میں روڈز پر گرد وغبار نظر آنے پر تشویش کا اظہار کیا اور مرکزی سڑکوں کی روزانہ دھلائی کا حکم دیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے صفائی کے بعد روڈز پر کوڑا کرکٹ پھینکنے پر جرمانہ عائد کرنے کی ہدایت کی اور مارکیٹوں،بازاروں،سبزی، فورٹ اور غلہ منڈی میں کوڑا کرکٹ پھینکنے پر جرمانہ عائد کرنے کیلئے اقدامات کا حکم دیا۔ اجلاس میں ہر ڈسٹرکٹ میں ہیومین ریسورس اور مشینری پوری کرنے کاٹارگٹ مقررکیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہر متبادل دن گاؤں کی صفائی یقینی بنانے کی ہدایت۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو فیلڈ مانیٹرنگ افسروں سے ہفتہ وار ملاقات کا حکم دیا اور ایف ایم اوزکی کارکردگی چانچنے کے لئے ’’کے پی آئی‘‘ مقرر کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہر شہر اور ہر علاقے میں ورکرز کی تنخواؤں کی بروقت ادائیگی یقینی بنانے کا بھی حکم دیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہر ڈپٹی کمشنرز سے صفائی کیلئے درکار مشینری کی ڈیمانڈ اورسیلف آپریشن کے ذریعے ہونے والی بچت کا حتمی ریکارڈ بھی طلب کر لیا۔ اجلاس میں خالی پلاٹ پر کوڑا کرکٹ نظر آنے پر مالکان کو جرمانہ عائد کرنے پر غورکیا گیا۔ اجلاس میں ملتان، راجن پور، ڈیرہ غازی خان، حافظ آباد، مظفر گڑھ اور دیگراضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے رپورٹ پیش کی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی ڈپٹی کمشنرز کو متعلقہ اضلاع میں مشینری اور آلات کی فزیکل تصدیق کی ہدایت کی اور ایک ہفتے کے بعد ستھرا پنجاب کی فالو اپ میٹنگ طلب کر لی۔