ایوانِ نمائندگان کی تمام 435 نشستوں اور سینیٹ کی 35 نشستوں پر ووٹنگ ہوگی،قبل از وقت ووٹنگ میں 5 کروڑ 44 لاکھ ووٹرزنے حقِ رائے دہی استعمال کیا
ایوانِ نمائندگان میں اکثریت حاصل کرنے کیلئے 218 نشستیں درکار ہیں ڈیموکریٹس کو سینیٹ میں اکثریت کیلئے 4 نشستیں چاہییں
واشنگٹن(آئی این پی )امریکہ میں وسط مدتی انتخابات آج 3 ہوں گے، جن میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جماعت ری پبلکن پارٹی کو کانگریس میں اپنی اکثریت برقرار رکھنے کا چیلنج درپیش ہے۔عالمی میڈیارپورٹس کے مطابق انتخابات میں ایوانِ نمائندگان کی تمام 435 نشستوں اور سینیٹ کی 35 نشستوں پر ووٹنگ ہوگی۔ رائے عامہ کے جائزوں میں ڈیموکریٹک پارٹی کو ایوانِ نمائندگان میں کامیابی کا مضبوط امکان ظاہر کیا جارہا ہے، تاہم سینیٹ میں دونوں جماعتوں کے درمیان مقابلہ سخت ہے۔ایوانِ نمائندگان میں اکثریت حاصل کرنے کیلئے 218 نشستیں درکار ہیں، سینیٹ کی 35 نشستوں میں 33 باقاعدہ اور 2 خصوصی انتخابات شامل ہیں۔ امریکی ایوانِ نمائندگان کے ارکان 2 سال اور سینیٹرز 6 سال کیلئے منتخب کیے جاتے ہیں۔سینیٹ میں اس وقت ری پبلکنز کو 53 کے مقابلے میں 47 نشستوں کی برتری حاصل ہے، ڈیموکریٹس کو سینیٹ میں اکثریت کیلئے 4 نشستوں کا اضافہ درکارہے۔ ڈیموکریٹس کی کامیابی صدر ٹرمپ کے قانون سازی کے ایجنڈے کیلئے مشکلات پیدا کرسکتی ہے۔ری پبلکنز کانگریس کے دونوں ایوانوں پر اپنا کنٹرول برقرار رکھنے کیلئے کوشاں ہے، کانگریس کے دونوں ایوانوں کا کنٹرول الگ الگ جماعتوں کے پاس بھی جاسکتا ہے۔قبل از وقت ووٹنگ میں 5 کروڑ 44 لاکھ ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرچکے ہیں، وسط مدتی انتخابات میں معیشت، مہنگائی اور امیگریشن اہم انتخابی موضوعات ہیں۔ امریکی وسط مدتی انتخابات کے بعد نئی کانگریس کا آغاز جنوری 2027 میں ہوگا۔