ہسپتال انتظامیہ نے بل کی ادائیگی کیلئے نومولود بیچ دیا

عورت نے پیسے نہ ہونے کا بتایا تو ڈاکٹر نے کہا ایک خاتون کو نومولود دے دو وہ زچگی کے اخراجات ادا کر دے گی 
خاتون نے اپنانومولود دیدیا، ہسپتال سیل ،ملازمہ نے ڈاکٹرزہراسے ملکر یہ کام انجام دیا، پولیس ،بچہ بازیاب 
کراچی(خصوصی رپورٹ)شہر قائد کے علاقے میمن گوٹھ میں ہسپتال کے اخراجات ادا کرنے کے لئے نومولود کو فروخت کرنے کا انکشاف ہوا جسے خاتون نے خرید کر پنجاب میں کسی کو پیسوں کے عوض دے دیا تھا۔میمن گوٹھ میں قائم نجی ہسپتال میں شمع نامی خاتون ڈاکٹر سے معائنہ کروانے کے لئے گئی تو وہاں پر ڈاکٹر نے زچگی آپریشن کے لئے رقم کی ادائیگی کا مطالبہ کیا۔خاتون نے جب ڈاکٹر سے رقم نہ ہونے کا تذکرہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ ایک خاتون بچے کی خواہش مند ہے اور وہ بچے کو نہ صرف پالے گی بلکہ آپریشن کے اخراجات بھی ادا کردے گی، نومولود اس کے حوالے کر دو۔خاتون کے آپریشن کے بعد لڑکے کی پیدائش ہوئی جسے ڈاکٹر نے خاتون کے حوالے کیا جس پر والد سارنگ نے مقدمہ درج کروایا۔شوہر نے موقف اختیار کیا کہ مجھے شبہ ہے کہ شمع نامی خاتون نے میرا بچہ کسی اور کو فروخت کر دیا ہے لہذا قانونی کارروائی کی جائے۔ پولیس نے مقدمے کی تفتیش اینٹی وائلنٹ کرائم سیل کے حوالے کیا۔اینٹی وائلنٹ کرائم سیل نے کارروائی کرتے ہوئے پنجاب سے بچے کو بازیاب کروا کے والدین کے حوالے کردیا جبکہ ہسپتال کو سیل کردیا ہے۔ پولیس کے مطابق شمع بلوچ ہسپتال کی ملازمہ ہے اور اس نے ڈاکٹر زہرا کے ساتھ ملکر یہ کام انجام دیا۔