سگنل فری کوریڈور سرفہرست ،شہر کی مرکزی شاہراہوں پر فلائی اوورز، انڈر پاسزکے علاوہ نئی سڑکیں بنیں گی
لاہور (خصوصی رپورٹ)لاہور میں آئندہ مالی سال ترقیاتی کاموں کا ہوگا۔ ایل ڈی اے نے شہر کی مرکزی شاہراہوں پر فلائی اوورز، انڈر پاسز کے علاوہ نئی سڑکوں کی تعمیر کا منصوبہ تیار کر لیا ۔ مالی سال 2025-26 کے مجوزہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کئے جانے والے ان منصوبوں پر 18 ارب 20 کروڑ روپے خرچ ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ۔ منصوبوں میں کریم مارکیٹ سے موٹر وے ایم ٹو تک سگنل فری کوریڈور سرفہرست ہے، جس پر 9 ارب روپے خرچ ہوں گے۔ دوسرا اہم منصوبہ قزلباش چوک، رائیونڈ روڈ پر فلائی اوور کی تعمیر کا ہے، جس کا تخمینہ 2 ارب 30 کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔اسی طرح گلشن راوی سے بابو صابو تک سڑک کی توسیع کا منصوبہ بھی آئندہ مالی سال میں شامل کیا جا رہا ہے، تاکہ بند روڈ کو مزید کشادہ اور محفوظ بنایا جا سکے۔بند روڈ ایکسیس کنٹرول کوریڈور فیز ٹو کیلئے 3 ارب 50 کروڑ روپے کا تخمینہ ہے جبکہ کماہاں لدھڑ روڈ، اعظم چوک تا رانا چوک نئی سڑک کی تعمیر بھی سالانہ ترقیاتی پروگرام کا حصہ ہے۔شہر کی سب سے مصروف سڑک فیروز پور روڈ کی کینال جنکشن سے گجومتہ تک مرمت و بحالی بھی شامل ہے، جس پر2ارب 50 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ایل ڈی اے نے ان تمام منصوبوں کو آئندہ مالی سال 2025-26 کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کا حصہ بنانے کی سفارش کر دی۔