سینئر پی ٹی آئی رہنما کی امریکی عہدیداروں سے ملاقات، عمران خان کے خلاف جعلی مقدمات پر بات چیت

سینئر پی ٹی آئی رہنما کی امریکی عہدیداروں سے ملاقات، عمران خان کے خلاف جعلی مقدمات پر بات چیت

مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا حکومت بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے امریکی پولٹیکل مشن کے وزیر اور کمیشن کے قائمقام ڈپٹی ہیڈ سے ملاقات کی جس میں کئی اہم معاملات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ملاقات میں بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے امریکی عہدیداروں کو عمران خان سمیت تمام سیاسی قیدیوں کے خلاف جعلی مقدمات کے حوالے سے آگاہ کیا اور پاکستان میں سیاسی صورتحال پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاسی گرفتاریاں اور بے بنیاد الزامات نے ملکی استحکام کو متاثر کیا ہے۔ملاقات میں بھارت کی جانب سے پاکستان پر لگائے گئے بے بنیاد الزامات، خاص طور پر پہلگام کے فالس فلیگ آپریشن کے بعد کی کشیدہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے مودی حکومت کے جنگی جنون پر بھی بات کی اور کہا کہ بھارت کی اشتعال انگیزی عالمی امن کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔

ملاقات میں خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال، ضم اضلاع کی ترقی، اور صوبے کی سیاسی صورتحال پر بھی بات کی گئی۔ بیرسٹر سیف نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت ضم اضلاع کی ترقی کے لیے خاص طور پر توجہ دے رہی ہے، اور صوبے میں تعلیم، صحت اور امن و امان کے مسائل پر کثیر بجٹ خرچ کیا جا رہا ہے۔امریکی وفد نے خیبر پختونخوا حکومت کی عوامی فلاح و بہبود کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا اور امریکہ کی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔