صحافت پر قدغن، تشدد اور سنسرشپ نے ماحول خراب کر دیا ہے: شیری رحمان

صحافت پر قدغن، تشدد اور سنسرشپ نے ماحول خراب کر دیا ہے: شیری رحمان

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر اور سینیٹر شیری رحمٰن نے آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کا صحافتی منظرنامہ سنسرشپ، ڈرانے دھمکانے اور صحافیوں پر تشدد جیسے واقعات سے بھرا ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج کا دن ہمیں یہ سوچنے کا موقع دیتا ہے کہ صحافیوں اور میڈیا اداروں کو کن خطرات اور چیلنجز کا سامنا ہے۔شیری رحمٰن نے کہا کہ ایک جمہوری معاشرے میں صحافیوں کا کردار نہایت اہم ہوتا ہے۔ وہ عوام کو باخبر رکھتے ہیں اور اقتدار میں رہنے والوں کو جوابدہ بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ میڈیا کی آزادی کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی آزادی صحافت کے لیے پرعزم ہے اور صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کرتی رہے گی۔ شہید بے نظیر بھٹو، صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ہمیشہ میڈیا اور صحافیوں کی آزادی کی حمایت کی ہے، اور اس مشن کو آگے بڑھایا جائے گا۔شیری رحمٰن نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ صحافیوں کو تحفظ فراہم کرے اور میڈیا پر قدغنیں ختم کرے تاکہ ایک آزاد اور ذمہ دار صحافت کو فروغ دیا جا سکے۔