ملک بھر میں نماز تروایح کے اجتماعات ، فرزندان توحید کی طرف سے تلاوت کا خصوصی اہتمام
دعا گو ہیں کہ مقدس ماہ پاکستان کیلئے امن و استحکام ،ترقی خوشحالی کا پیغام لیکر آئے، پیغامات
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ )ملک بھر میں پہلا روزہ آج ہو گا ،رمضان المبارک میں عبادات، روزے اور قرآن کریم کی تلاوت کا خصوصی اہتمام فرزندان توحید اس بابرکت مہینے میں رحمت، مغفرت اور برکتیں سمیٹنے کی کوشش کریں گے۔ گزشتہ روز ملک بھر میں کہیں چاند نظر نہیں آیا تھا جس پر رویت ہلال کمیٹی نے پہلا روزہ اتوار کو ہونے کا اعلان کیا تھا ،ملک بھر میں نماز تروایح کے اجتماعات ،بھارت اور بنگلادیش میں بھی آج پہلا روزہ ہو گا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے پوری قوم اور امت مسلمہ کو رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کے آغاز پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک رحمت، مغفرت اور جہنم سے نجات کا مہینہ ہے۔ یہ مہینہ ہمیں تزکیہ نفس، صبر، استقامت، ہمدردی، مساوات اور اتحاد و یگانگت کا درس دیتا ہے ، رمضان المبارک تقویٰ، اخلاص اور قربِ الٰہی حاصل کرنے کا بہترین موقع ہے۔رمضان المبارک کا پیغام یہی ہے کہ ہم اپنی ذات سے بلند ہو کر دوسروں کی مدد کریں، غرباء و مساکین کی حاجت روائی کریں اور معاشرے میں ایثار و قربانی کے جذبے کو فروغ دیں ، میں قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ اس مبارک مہینے میں خیرات و صدقات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور ضرورت مند افراد کا خاص خیال رکھیں ،اللہ تعالیٰ کے حضور دعا گو ہوں کہ یہ مہینہ ملک پاکستان کیلئے امن و استحکام ،ترقی اور خوشحالی کا پیغام لیکر آئے اللہ تعالیٰ ہم سب کا حامی و ناصر ہو! آمین ، وزیراعظم شہباز شر یف نے رمضان المبارک کے آغاز پر قوم کو رمضان المبارک کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ ایک بار پھر ہمیں رمضان المبارک کی سعادت نصیب ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ رمضان کا یہ مہینہ رحمتوں، برکتوں اور مغفرت کا ہے، جس میں اللہ تعالیٰ ہمیں اپنی قربت عطا فرماتے ہیں ،وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے رمضان المبارک پر اپنے پیغام میں تمام مسلمانوں کو مبارک باد دی اور کہا کہ رمضان کا مقدس مہینہ ہمیں تقوی، صبر اور برداشت سکھاتا ہے، آئیں، رمضان میں صبر، برداشت اور بھائی چارے کو فروغ دیں۔