پنجاب بھر سے 20دہشتگرد گرفتار

لاہور ، راولپنڈی اور بہاولپور سمیت کئی شہروں میں 162آپریشنز کئے گئے 495مشتبہ افراد گرفتار
لاہور(کرائم رپورٹر)کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے مختلف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کید وران لاہور سے 2 فتنہ الخوارج سمیت پنجاب کیمختلف شہروں سے 20 دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا۔ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر سی ٹی ڈی نے پنجاب کے مختلف شہروں میں 162 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کئے، کارروائیاں لاہور ، فیصل آباد ، خانیوال، بہاول نگر ، راولپنڈی ، چنیوٹ، میانوالی ، ساہیوال ، شیخوپورہ ، سیالکوٹ، بہاولپور اور حافظ آباد میں کی گئیں۔سی ٹی ڈی ترجمان نے بتایا کہ کارروائیوں میں لاہور سے فتنہ الخوارج کے دو جبکہ راولپنڈی سے خطرناک دہشت گرد منموہن سنگھ کو گرفتار کیا گیا، منموہن سنگھ کا تعلق رحیم یار خان سے ہے۔ دہشت گردوں سے دھماکا خیز مواد، 3 آئی ای ڈی بم ، 23 ڈیٹونیٹرز ،61 فٹ حفاظتی فیوز تار ، متنازع پمفلٹس ،نقدی اور موبائل فون برآمد ہوئے، گرفتارہونیوالے دہشت گردوں میں صالح رضا ، محمد ریاض ، ابوبکر ، بوال خان، محمد یونس اور عثمان وغیر ہ شامل ہیں۔ گرفتار دہشت گردوں کے خلاف 18 مقدمات درج کر کے ان سے مزید تفتیش جا ری ہے۔ رواں ہفتے میں 2231 کومبنگ آپریشنز کے دوران495 مشتبہ افراد کو بھی گرفتار کیا گیا اور 87 ہزار 565 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔