بجلی 1روپے73 پیسے مہنگی ؟

 اپریل میں خطے میں جاری جنگ کے اثرات بھی سامنے آئے، درآمدی ایل این جی دستیاب نہیں تھی: حکام
لاہور (خصوصی رپورٹ) گرمی کی شدت میں اضافہ ہوتے ہی بجلی مزید مہنگی ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ نیپرا میں اپریل کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی درخواست پر سماعت کے دوران بجلی ایک روپے 73 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست پیش کی گئی۔سماعت کے دوران سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) کے حکام نے بتایا کہ اپریل میں خطے میں جاری جنگ کے اثرات بھی سامنے آئے، جس کے باعث توانائی کے شعبے کو مختلف چیلنجز کا سامنا رہا۔ حکام کے مطابق اس دوران درآمدی ایل این جی دستیاب نہیں تھی، تاہم مئی میں کنٹریکٹ اور سپاٹ کارگوز موصول ہونے کے بعد ایل این جی پر چلنے والے پاور پلانٹس کو فعال کیا گیا۔سی پی پی اے نے نیپرا کو آگاہ کیا کہ صنعتی شعبے کے علاوہ دیگر تمام کیٹیگریز میں بجلی کی کھپت میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ آئندہ دو ماہ کے لیے ایل این جی کی یومیہ بنیادوں پر پلاننگ مکمل کر لی گئی ہے تاکہ بجلی کی پیداوار اور ایندھن کی دستیابی کو بہتر انداز میں برقرار رکھا جا سکے۔حکام کے مطابق مئی، جون اور جولائی کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ میں صارفین کو زیادہ بڑے اضافے کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا کیونکہ ایندھن کی فراہمی اور بجلی کی پیداوار کے حوالے سے ضروری انتظامات کر لیے گئے ہیں۔