سان انتونیو: مشہور اینی میٹڈ سیریز کنگ آف دی ہل میں جان ریڈکورن کا کردار نبھانے والے امریکی اداکار، موسیقار اور آوازکار جوناتھن جوس کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔ ان کی عمر 52 برس تھی۔
پولیس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ ذاتی جھگڑے کا نتیجہ تھا۔ اطلاع ملنے پر پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی جہاں جوس شدید زخمی حالت میں ملے۔ انہیں طبی امداد فراہم کرنے کی کوشش کی گئی لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گئے۔واقعے میں ملوث 56 سالہ ملزم کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ پولیس رپورٹ کے مطابق جوس کو متعدد گولیاں ماری گئیں۔سان انتونیو پولیس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں واقعے کو ہم جنس پرستی یا نفرت انگیز جرم سے جوڑنے کے شواہد نہیں ملے، تاہم اگر مستقبل میں کوئی ثبوت سامنے آیا تو مقدمے میں متعلقہ دفعات شامل کی جائیں گی۔
جوناتھن جوس نے اپنے ٹی وی کیریئر کا آغاز "Walker, Texas Ranger" سے کیا، مگر انہیں سب سے زیادہ شہرت کنگ آف دی ہل میں جان ریڈکورن کی آواز دینے سے ملی۔ اس سیریز کا نیا سیزن رواں سال متوقع تھا، جس میں ان کی واپسی کا بھی امکان تھا۔جوناتھن ایک باصلاحیت موسیقار بھی تھے اور انہوں نے "The Red Corn Band" کے نام سے موسیقی کی دنیا میں بھی اپنے فن کا لوہا منوایا۔ ان کی اچانک موت پر مداحوں اور ساتھی فنکاروں میں افسوس کی لہر دوڑ گئی ہے۔
1