لندن (خصوصی رپورٹ)برطانیہ کی وزارتِ دفاع نے تین جدید ہوور کرافٹس پاکستان بحریہ کے سپرد کردیے ہیں جو پاکستان کی سمندری دفاعی صلاحیت کے حوالے سے ایک اہم پیشرفت ہے۔ ہوور کرافٹس کی حوالگی کی تقریب لندن میں منعقد ہوئی جس میں پاکستان ہائی کمیشن، لندن کے نیول اور دفاعی مشیر کموڈور جواد حیدر خواجہ، وزارتِ دفاع برطانیہ کے نمائندہ کموڈور رچرڈ ویلی، دفاعی خریداری کے اتاشی کیپٹن محمد فیصل منظور اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ ہوور کرافٹس اپنی تیز رفتاری، آسان نقل و حرکت اور مختلف قسم کے مشن سرانجام دینے کی صلاحیت کی وجہ سے مشہور ہیں۔ ان کی شمولیت سے پاکستان بحریہ کی ساحلی علاقوں میں فوری کارروائی اور امدادی کاموں کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔