آج ملک کے کن علاقوں میں بارش ہو سکتی ہے؟ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی

آج ملک کے کن علاقوں میں بارش ہو سکتی ہے؟ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں موسم کی صورتحال میں تبدیلی متوقع ہے۔

 اسلام آباد میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے، جبکہ مری، گلیات اور گردونواح میں بارش کے ساتھ برفباری بھی ہو سکتی ہے، جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگا۔

لاہور میں فضائی آلودگی:
لاہور میں فضائی آلودگی کی صورتحال تشویشناک ہے۔ شہر عالمی سطح پر آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں چھٹے نمبر پر آ گیا ہے۔ مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 183 سے 184 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ڈی ایچ اے فیز ایٹ میں AQI 423، وحدت روڈ پر 348 اور ٹھوکر نیاز بیگ میں 324 ریکارڈ ہوا۔ شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 8 سے 10 ڈگری سینٹی گریڈ اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 21 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، ہواؤں کی رفتار 3 سے 5 کلومیٹر فی گھنٹہ اور ہوا میں نمی کا تناسب 70 فیصد ریکارڈ کیا گیا، جبکہ دھند کے باعث حدِ نگاہ 2 کلومیٹر رہی۔

کراچی میں موسم:
کراچی میں رواں سال معمول سے پہلے گرمی کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ شہر قائد میں آج تیز دھوپ کے ساتھ موسم خشک رہے گا اور درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ آئندہ چند دنوں میں کسی نئی سرد لہر کا امکان نہیں جبکہ رواں ماہ سردی کی شدت معمول سے کم رہنے کی توقع ہے۔

اسلام آباد میں مطلع:
وفاقی دارالحکومت میں مطلع جزوی ابرآلود ہے اور شام یا رات کے وقت بوندا باندی متوقع ہے، جس کے بعد سردی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ صبح کے وقت درجہ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

دیگر علاقوں کا موسم:

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک، تاہم نارووال، سیالکوٹ اور جہلم میں بارش کا امکان۔
خیبرپختونخوا کے اضلاع ایبٹ آباد، مانسہرہ، بٹگرام، کوہستان، دیر اور سوات میں چند مقامات پر بارش اور برفباری کی پیشگوئی۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں شدید سردی، جبکہ گلگت بلتستان کے بعض علاقوں میں بارش اور برفباری۔
سندھ کے زیادہ تر حصوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع۔