حکومت صحت اور تعلیم کے شعبوں میں بہتری کیلئے خصوصی توجہ دے رہی ہے، عوام کی قوت خرید اور معیارِ زندگی بہتر بنانا اولین ترجیح ہے
ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن کی کامیابی عوام کے اعتماد کا مظہر ہے، تمام سیاسی جماعتیں مشترکہ چارٹر آف اکانومی پر متفق ہو جائیں:وفاقی وزیر
چنیوٹ(آئی این پی)وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ نے کہا ہے موجودہ جی ڈی پی شرح ساڑھے تین فیصد سے بڑھا کر کم از کم چھ فیصد تک پہنچا ناحکومت کا ہد ف ہے،حکومت صحت اور تعلیم کے شعبوں میں بہتری کیلئے خصوصی توجہ دے رہی ہے، متاثرہ عوام کی بحالی کیلئے دن رات کام کیا جارہا ہے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی تمام نشستوں پر نمایاں کامیابی عوام کے اعتماد کا مظہر ہے۔وفاقی وزیر نے چنیوٹ کے دور دراز اور حالیہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے دوران بحالی کے کاموں کا جائزہ لیا ،اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا پاکستان اُن ممالک میں شامل ہے جہاں معیارِ زندگی کم ہے، لہٰذا ہمیں مشترکہ کوششوں سے معیشت کو بہتر سے بہتر بنانا ہوگا۔ انہوں نے تجویز دی کہ تمام سیاسی جماعتیں ایک مشترکہ چارٹر آف اکانومی پر متفق ہوں تاکہ سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر ملک کی ترقی کے لیے اجتماعی کوششیں کی جا سکیں۔