ای چالان کی عدم ادائیگی پر ایکشن کی تیاری

 مرحلہ وار ای چالان وصولیاں شروع، ریکوری میں اضافہ،30سے35ہزار ای چالان کئے جارہے:ٹریفک حکام
لاہور( کرائم رپورٹر)ڈی آ ئی جی ٹریفک پولیس نے ای چالانز جمع نہ کروانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کرلیا جبکہ مرحلہ وار مختلف اضلاع میں ون ایپ لانچ کی جارہی ہے۔ڈی آئی جی ٹریفک وقاص نذیر نے خبردار کیا ہے کہ صوبہ بھر میں ای چالاننگ ون ایپ کے ذریعے وصول کئے جائیں گے۔کسی بھی شہر کے ڈیفالٹر پنجاب بھر میں کسی بھی جگہ چیکنگ پر ادائیگی کرینگے۔ اس سے قبل متعلقہ شہروں میں ہی ای چالانز کی وصولیاں کی جارہی تھیں۔ٹریفک حکام کے مطابق صوبہ کے 24شہروں میں ای چالانز اوسطاً 30سے35ہزار کے قریب کئے جارہے ہیں ۔ون ایپ کے آغاز کے بعد ریکوری میں بڑے پیمانے پر اضافہ ہوا۔اگلے ہفتے سے ون ایپ کے ذریعے وصولیاں مزید تیز کردی جائیں گی۔