سوشل میڈیا کے ذریعے کمائی کرنے والوں سے ٹیکس لینے کافیصلہ

 یوٹیوب، ٹک ٹاک اور انسٹاگرام انفلوئنسرز شامل، ایف بی آر نے  رولز ترامیم کا مسودہ تیار کر لیا
 قابل ٹیکس آمدن سوشل میڈیا کمائی اور اخراجات کی بنیاد پر، مخصوص فارمولا کے تحت ٹیکس ادا کرنا ہوگا
اسلام آباد( آن لائن ) وفاقی بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے سوشل میڈیا سے کمائی کرنے والے تمام پاکستانی شہریوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں ایف بی آر نے انکم ٹیکس رولز 2002 میں ترامیم کا مسودہ تیار کر لیا ہے، جس کا اطلاق یوٹیوب، ٹک ٹاک، انسٹاگرام اور دیگر پلیٹ فارمز کے انفلوئنسرز اور کنٹنٹ کریئیٹرز پر ہوگا۔ایف بی آر کے مطابق، سوشل میڈیا سے حاصل ہونے والی آمدن، اسپانسرشپ یا اشتہارات سے ہونے والی آمدن بھی ٹیکس کے دائرہ کار میں آئے گی۔ قانون کا اطلاق صرف کمائی کرنے والے پاکستانی صارفین اور ان کے سوشل میڈیا انٹریکشنز پر ہوگا۔قابل ٹیکس آمدن کا تعین سوشل میڈیا سے کمائی اور اخراجات کی بنیاد پر کیا جائے گا، جس میں اوسط ویوز اور سال بھر کی پوسٹس کو بھی مدنظر رکھا جائے گا۔ ایف بی آر کے مسودے میں مخصوص فارمولے کے تحت انکم ٹیکس ادا کرنے کا طریقہ کار وضع کیا گیا ہے، اور یہ آمدن سالانہ انکم ٹیکس گوشواروں میں الگ سے ظاہر کرنی ہوگی۔مسودے پر ایک ہفتے کے اندر اعتراضات، تجاویز اور سفارشات دینے کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے