محکمہ داخلہ پنجاب نے عید الفطر کے موقع پر قیدیوں کی رہائی سے متعلق تفصیلات جاری کی ہیں۔
ان کے مطابق عید سے قبل 469 قیدیوں کو رہا کیا گیا، جنہوں نے اپنے اہل خانہ کے ساتھ عید منائی۔ ان قیدیوں میں سے زیادہ تر کو صدر مملکت کی جانب سے دی جانے والی سزا معافی کے تحت رہائی ملی۔تفصیلات کے مطابق 1789 قیدیوں نے سزا معافی سے فائدہ اٹھایا، جن میں سے 1606 قیدیوں کی سزا میں 6 ماہ کی کمی کی گئی، جبکہ 183 قیدی مکمل طور پر رہا ہوئے۔اس کے علاوہ، مختلف مخیر حضرات اور تنظیموں کی جانب سے جرمانے، دیت، ارش اور دمان کی ادائیگی کے ذریعے 281 قیدیوں کو رہائی ملی۔
یہ وہ قیدی تھے جنہوں نے سزا پوری کر لی تھی لیکن جرمانے کی عدم ادائیگی کی وجہ سے جیلوں میں قید تھے۔ مخیر حضرات اور اداروں نے زکوٰۃ کی مد میں قیدیوں کے جرمانے اور باقی مالی ذمہ داریوں کو ادا کیا، جس کے نتیجے میں یہ قیدی رہائی پا گئے۔رمضان کے دوران تعلیم مکمل کرنے اور اچھے کردار کا مظاہرہ کرنے پر 5 قیدیوں کو بھی رہائی دی گئی۔ اس اقدام سے جیلوں میں موجود قیدیوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، اور انہیں عید کے موقع پر اپنے گھروں میں جانے کا موقع ملا۔