ڈولفن سکواڈ نے 18 اور پولیس ریسپانس یونٹ نے دو منچلوں کو پکڑ لیا
لاہور(کرائم رپورٹر) شہر کی مختلف شاہراہوں پر ون ویلنگ اور خطرناک کرتب کرنے والوں کے خلاف پولیس کا شکنجہ مزید سخت کردیا گیا، ڈولفن سکواڈ نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے ون ویلنگ میں ملوث 18 منچلوں کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان ڈولفن سکواڈ کے مطابق گرفتار ملزمان کو چوہنگ، ٹائون شپ، نواں کوٹ سمیت دیگر پوائنٹس سے حراست میں لیا گیا۔ ملزمان ون ویلنگ کے ساتھ شور شرابا کرتے ہوئے شہریوں کے لیے پریشانی اور خطرے کا باعث بن رہے تھے۔ پولیس ریسپانس یونٹ نے بھی ملتان روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے چنگچی رکشے پر ریش ڈرائیونگ اور ویلنگ کرنے والے دو منچلوں کو گرفتار کرلیا۔ ایس پی ڈولفن بلال احمد کا کہنا ہے کہ ون ویلنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد جاری ہے، لاہور پولیس خطرناک کھیل کی روک تھام کے لیے مئوثر حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔ گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ تھانوں کے حوالے کردیا گیا۔ ایس پی ڈولفن بلال احمد نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کی کونسلنگ کریں کیونکہ ون ویلنگ ایک خونی کھیل ہے جو قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بن سکتا ہے۔