تشدد کرنیوالے اسا تذہ کے خلاف شکنجہ تیار

طلبا کے ساتھ جسمانی یا جذباتی زیادتی کا کوئی بھی عمل سنگین بدعنوانی سمجھا جائے گا،نوٹیفکیشن جاری 
لاہور(خصوصی رپورٹ)پنجاب ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے تمام اساتذہ اور اسکولوں کے سربراہوں کو سخت انتباہ جاری کیا ہے کہ صوبے میں کسی بھی قسم کی جسمانی سزا مکمل طور پر ممنوع ہے۔منڈی بہائوالدین کے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق طلبا کے ساتھ جسمانی یا جذباتی زیادتی کا کوئی بھی عمل سنگین بدعنوانی سمجھا جائے گا۔ ایسے معاملات کو PEEDA ایکٹ 2006 کے تحت سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت تادیبی اقدامات کئے جائیں گے۔نوٹیفکیشن میں تمام اداروں کے سربراہوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے عملے کو جسمانی سزا کے حوالے سے صفر برداشت کی پالیسی پر تربیت دیں، بچوں کے لیے دوستانہ، شمولیتی، احترام پر مبنی کلاس روم ماحول کو یقینی بنائیں اور کسی بھی قسم کے زیادتی کے واقعات کو فوری رپورٹ کریں اور اصلاحی اقدامات کریں۔حکام نے مزید زور دیا کہ خلاف ورزی کی صورت میں سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔ ایجوکیشن اتھارٹی نے طلبا کو محفوظ، معاون اور مثبت تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔