پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جنرل سیکرٹری سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ آج عدالتیں بے بس ہوچکی ہیں اور انصاف فراہم کرنے کے قابل نہیں رہیں، شہریوں کی آزادیاں سلب کی جا رہی ہیں اور کسی بھی شخص کو کسی بھی وقت گرفتار کیا جاسکتا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا نے کہا کہ علیمہ خان اور ان کے ڈرائیور کو پہلے گرفتار کیا گیا، جس کے بعد نظربندی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک ڈرائیور، جو مزدوری پر کام کرتا تھا، اسے بھی حراست میں لے لیا گیا۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ آج وہ یہ کہنے پر مجبور ہیں کہ عدالتیں ملاقات تک نہیں کرا سکتیں اور شہریوں کو انصاف کی فراہمی میں بھی بے بس نظر آتی ہیں۔ ان کے مطابق انگریز دور کے بنائے گئے کالے قوانین استعمال کرکے شہری آزادیاں محدود کی جا رہی ہیں۔سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کہ ماضی میں آزاد عدلیہ کے فیصلے موجود ہیں، تاہم موجودہ صورت حال میں عدالتیں بے اختیار دکھائی دیتی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی سوشل میڈیا کو کنٹرول نہیں کرتی، جبکہ پارٹی احتجاج کا سلسلہ جاری رکھے گی اور عوام کو حالات سے آگاہ کرتی رہے گی۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ جب لوگ احتجاج کے لیے باہر نکلتے ہیں تو ان پر گولیاں چلائی جاتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی آئین اور قانون کی بالادستی کے لیے اپنی آواز بلند کرتی رہے گی۔مہنگائی اور بے روزگاری سمیت عوام کو درپیش مسائل کا ذکر کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا نے کہا کہ ان مسائل کو اجاگر کرنا ہر سیاسی جماعت کا فرض ہے۔ ان کے مطابق بانی چیئرمین پی ٹی آئی بھی عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے جیل میں ہیں۔