لاہور: سوشل میڈیا پر ہونے والی دوستی محبت میں بدل گئی، چھ سال قبل انسٹاگرام پر ایک دوسرے سے متعارف ہونے والے پاکستانی نوجوان نبیل اعوان اور اطالوی لڑکی رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔
اطالوی دلہن اپنے ہم سفر کے ساتھ نئی زندگی شروع کرنے کے لیے پاکستان پہنچ گئی۔اطالوی دلہن لاہور ایئرپورٹ پہنچی تو دولہا نبیل اعوان کے اہلخانہ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر خاندان کے افراد نے خوشی کا اظہار کیا اور دلہن کو پاکستانی روایات کے مطابق خوش آمدید کہا۔اہلخانہ کے مطابق دونوں کے درمیان چھ سال قبل انسٹاگرام کے ذریعے دوستی ہوئی تھی، جو وقت کے ساتھ محبت میں تبدیل ہوگئی۔ دونوں خاندانوں کی رضامندی اور قانونی تقاضے پورے ہونے کے بعد شادی کی تقریب منعقد کی گئی۔شادی کے بعد کلرکہار کے ایک مقامی ہوٹل میں دعوت ولیمہ کا اہتمام بھی کیا گیا، جس میں دولہا کے اہلخانہ، رشتہ داروں اور دوستوں نے شرکت کی اور نو بیاہتا جوڑے کو مبارک باد دی۔اہلخانہ کا کہنا ہے کہ نبیل اعوان اور ان کی اطالوی دلہن دونوں قوت سماعت سے محروم ہیں، تاہم ایک دوسرے کا ساتھ ملنے پر بے حد خوش ہیں۔ دلہن نے تقریب کے موقع پر پاکستانی لباس زیب تن کیا اور مقامی لوگوں کے ساتھ گھل مل گئیں۔