لاری اڈہ سے لاپتہ ہونے والی دو سگی بہنیں مل گئیں

 سیف سٹی کیمروں کی مدد سے پولیس نے دونوں بہنوں کو والدین کے حوالے کردیا
 لاہور (کرائم رپورٹر) لاری اڈہ کے علاقے سے لاپتہ ہونے والی دو سگی بہنوں کو پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بحفاظت تلاش کرکے والدین کے حوالے کردیا۔ پولیس کے مطابق بچیوں کے والد نے 15 پر کال کرکے اطلاع دی تھی کہ ان کی دونوں بیٹیاں لاپتہ ہوگئی ہیں اور انہیں اغوا کیے جانے کا خدشہ ہے۔ اطلاع ملتے ہی لاری اڈہ پولیس نے سیف سٹی کیمروں کی مدد سے تلاش شروع کی اور دونوں بہنوں کو بحفاظت ڈھونڈ نکالا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق دونوں بہنیں گھر والوں کے رویے سے دلبرداشتہ ہوکر گھر سے چلی گئی تھیں۔ بیٹیوں کی بحفاظت واپسی پر ورثا نے لاہور پولیس کا شکریہ ادا کیا۔ ایس پی سٹی ارشد حیات کانجو نے پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے والدین سے اپیل کی کہ وہ بچوں کے ساتھ محبت، شفقت اور حسن سلوک سے پیش آئیں تاکہ انہیں کسی بھی پریشانی کی صورت میں گھر چھوڑنے جیسے انتہائی قدم پر مجبور نہ ہونا پڑے۔