میاں بیوی بھاری مقدار میں منشیات سمیت گرفتار

 تین کلو چرس، آئس اور ہیروئن برآمد، ملزم ٹرانسپورٹ کے ذریعے سپلائی کرتے تھے
 لاہور (کرائم رپورٹر) شاہدرہ پولیس نے منشیات کی بھاری مقدار کی ترسیل ناکام بناتے ہوئے میاں بیوی سمیت دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ایس پی سٹی ارشد حیات کانجو کے مطابق پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے مزمل اور اس کی بیوی نگینہ کو گرفتار کیا، جن کے قبضے سے تین کلو چرس، 300 گرام آئس اور 700 گرام ہیروئن برآمد ہوئی۔ ملزمان پولیس کو دیکھ کر فرار ہونے کی کوشش کررہے تھے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان لوکل ٹرانسپورٹ اور شاپر بیگز کے ذریعے لاہور میں منشیات سپلائی کرتے تھے اور پولیس کی چیکنگ سے بچنے کے لیے میاں بیوی کی حیثیت سے سفر کرتے تھے۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔ ایس پی سٹی ارشد حیات کانجو نے کارروائی کرنے والی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ شہر کو منشیات سے پاک کرنے کے لیے کریک ڈائون جاری رہے گا۔