شوہر کا چھری سے حملہ،بیوی، 4بچے زخمی

 نشتر کالونی میں بیوی کے واپس جانے سے انکار پر ملزم طیش میں آگیا، پولیس نے گرفتار کرلیا
 لاہور (کرائم رپورٹر) نشتر کالونی میں حاکم چوک کے قریب گھریلو ناچاقی پر شوہر نے بیوی اور بچوں پر چھریوں سے حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں خاتون اور چار بچے زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق ملزم ارشد اپنی ناراض بیوی زاہدہ بی بی کو منانے سسرال گیا تھا، جہاں بیوی کے واپس جانے سے انکار پر اس نے طیش میں آکر چھریوں کے وار کردیے۔ ماں کو بچانے کی کوشش میں بچے بھی زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں 40 سالہ زاہدہ بی بی، 22 سالہ زہرہ، 15 سالہ مقدس، 18 سالہ علی حیدر اور 13 سالہ نور شان شامل ہیں۔ تمام زخمیوں کو جنرل ہسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں ایس پی ماڈل ٹائون اسد علی نے ان کی عیادت کی۔ نشتر کالونی پولیس نے ملزم ارشد کو موقع سے گرفتار کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔ ایس پی ماڈل ٹائون اسد علی کا کہنا ہے کہ قانون ہاتھ میں لینے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔