گلبرگ میں گورو مانگٹ روڈ پرعمارت کا حصہ منہدم، 7 ورکرز زخمی، 35 سالہ ساجد دم توڑ گیا
لاہور (کرائم رپورٹر) گلبرگ میں گورو مانگٹ روڈ پر واقع بیکرز فیکٹری میں گیس کے اخراج کے باعث دھماکا ہوگیا، جس کے نتیجے میں عمارت کا کچھ حصہ گر گیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں فیکٹری کے آٹھ ورکرز متاثر ہوئے، جن میں سے 35 سالہ ساجد ولد فرید جاں بحق جبکہ سات افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد جناح اور سروسز ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ دھماکا فیکٹری کی پہلی منزل پر واقع بیکنگ ایریا میں ہوا، جہاں 40 سے زائد افراد کام کررہے تھے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔