سرویلنس ڈرون ہیڈ کوارٹرز کی بیرونی دیوار سے ٹکرا کر زمین پر گرگیابم ڈسپوزل اسکواڈ نے خطرے سے پاک قرار دے دیا
لاہور( کرائم رپورٹر) کائونٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے ہیڈ کوارٹرز کی عمارت سے ایک جدید سرویلنس ڈرون ٹکرا کر زمین پر گرگیا، جس کے بعد عمارت اور اطراف کے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی بم ڈسپوزل اسکواڈ اور سیکیورٹی اداروں نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور کلیئرنس آپریشن مکمل کیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس اور سیکیورٹی حکام نے بتایا کہ واقعہ گزشتہ شب تقریباً ساڑھے بارہ بجے پیش آیا۔ جلو موڑ کی سمت سے آنے والا جدید اور ہائی ٹیک سرویلنس ڈرون تیز رفتاری سے سی ٹی ڈی ہیڈ کوارٹرز کی جانب آیا اور عمارت کی بیرونی دیوار سے ٹکرا کر زمین پر گرگیا۔ حکام کے مطابق ڈرون کے ذریعے مبینہ طور پر سی ٹی ڈی ہیڈ کوارٹرز کے اندرونی حصوں کی ریکی اور جاسوسی کی جارہی تھی۔ ڈرون گرنے کے فوراً بعد سی ٹی ڈی کی سیکیورٹی ٹیم نے اسے قبضے میں لے لیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ڈرون کے ساتھ نصب کیمرے اور بیٹری کی لائٹس قبضے میں لیے جانے کے وقت بھی فعال تھیں۔ ممکنہ دھماکہ خیز مواد یا حملے کے خدشے کے پیش نظر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کیا گیا، جس نے تکنیکی معائنے اور تفصیلی جانچ کے بعد ڈرون کو خطرے سے پاک قرار دے دیا اور سیکیورٹی کلیئرنس جاری کردی۔ پولیس ذرائع کے مطابق ابتدائی معلومات کی بنیاد پر شبہ ہے کہ نامعلوم ملزمان نے مبینہ طور پر دہشت گردی، تخریب کاری یا حساس عمارت کی جاسوسی کے لیے ڈرون سی ٹی ڈی ہیڈ کوارٹرز کی جانب بھیجا تھا۔ واقعے کے حوالے سے قانونی کارروائی اور مقدمے کے اندراج کے لیے متعلقہ تھانہ ہربنس پورہ میں درخواست جمع کرا دی گئی ہے، جبکہ واقعے کے تمام پہلوئوں سے اعلیٰ سطحی تحقیقات جاری ہیں۔