لاہور: شوہر کی وفات کے صرف 40 روز بعد بیوہ خاتون کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنانے، سر کے بال کاٹنے اور تین بچوں سمیت گھر سے نکالنے کی کوشش کے الزام میں لوئر مال پولیس نے خاتون کی نند اور بہنوئی کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق متاثرہ خاتون کی جانب سے پولیس ایمرجنسی 15 پر کال موصول ہونے کے بعد لوئر مال پولیس نے فوری کارروائی کی اور واقعے میں مبینہ طور پر ملوث مرکزی ملزمہ نگینہ اور اس کے خاوند خرم کو حراست میں لے لیا۔پولیس کو دی گئی درخواست میں متاثرہ خاتون نے مؤقف اختیار کیا کہ اس کے شوہر کی وفات کو ابھی 40 روز ہی گزرے تھے کہ اس کے سسرالیوں نے مبینہ طور پر اسے تشدد کا نشانہ بنایا۔ خاتون کے مطابق اس دوران اس کی نند نگینہ اور بہنوئی خرم نے مبینہ طور پر اس کے سر کے بال بھی کاٹ دیے۔متاثرہ خاتون نے الزام عائد کیا کہ سسرالیوں نے دورانِ عدت اسے ذہنی اور جسمانی اذیت دی اور تین بچوں سمیت گھر سے نکالنے کی کوشش کی۔
خاتون کے مطابق ملزمان کی جانب سے اسے جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دی گئیں، جس کے باعث اس نے پولیس سے مدد طلب کی۔ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق خاتون کی ایمرجنسی کال پر پولیس ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچی اور ابتدائی کارروائی کرتے ہوئے تشدد میں ملوث نامزد ملزمان کو گرفتار کرلیا۔پولیس نے واقعے کا مقدمہ تھانہ لوئر مال میں درج کر لیا ہے، جبکہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔ پولیس حکام کے مطابق واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ حقائق سامنے لائے جا سکیں۔