چوروں نے گھر کا صفایا کردیا، 30 تولہ سونا اور 5 ہزار امریکی ڈالر چوری کرکے فرار

چوروں نے گھر کا صفایا کردیا، 30 تولہ سونا اور 5 ہزار امریکی ڈالر چوری کرکے فرار

کراچی میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں کا سلسلہ جاری ہے، ایم نائن موٹروے کے قریب نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں نامعلوم ملزمان ایک گھر سے 30 تولہ سونا اور 5 ہزار امریکی ڈالر چوری کرکے فرار ہوگئے۔

کراچی پولیس کے مطابق چوری کی واردات گڈاپ سٹی کے علاقے ایم نائن پر واقع ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے اسٹریٹ نمبر 11 میں پیش آئی، جہاں نامعلوم چوروں نے اہل خانہ کی غیر موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گھر کو نشانہ بنایا اور قیمتی سامان لے کر فرار ہوگئے۔پولیس کے مطابق متاثرہ خاندان نے اپنے بیان میں بتایا کہ گھر میں 30 تولہ سونا اور 5 ہزار امریکی ڈالر موجود تھے، جنہیں ملزمان چوری کرکے لے گئے۔ اہل خانہ کی واپسی پر گھر میں چوری کا انکشاف ہوا، جس کے بعد فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی گئی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس مددگار 15 کی ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور ابتدائی کارروائی شروع کردی۔ پولیس نے کرائم سین یونٹ کو بھی موقع پر طلب کیا، جس نے جائے وقوعہ سے اہم شواہد اور فنگر پرنٹس جمع کرنے کی کارروائی کی۔پولیس حکام کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے شواہد کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ گھر میں داخل ہونے کے طریقہ کار اور واردات میں استعمال ہونے والے ممکنہ ذرائع سے متعلق بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔