آزاد کشمیر میں ایک ہزار سے زائد مدارس 10 روز کیلئے بند

شدیدگرمی وجہ ،نوٹیفکیشن جاری ،اصل وجہ بھارت کی طرف سے حملوں کا خدشہ
ہم دو قسم کی گرمی برداشت کررہے،ایک موسم اور دوسری مودی کی:حافظ نذیراحمد
مظفرآباد (خصوصی رپورٹ )آزاد کشمیر حکومت نے علاقے میں ایک ہزارسے زائد دینی مدارس کو دس دن کیلئے بند کر دیا ہے،حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام بھارتی حملوں کے خدشے کے پیشِ نظر کیا گیا ہے۔ محکمہ مذہبی امور کے ڈائریکٹر حافظ نذیر احمد نے بتایا کہ سکیورٹی حکام کو خدشہ ہے کہ بھارتی فورسز مدارس کو نشانہ بنا سکتی ہیں اور بعد میں انہیں عسکری تربیت گاہیں قرار دے سکتی ہیں۔ نوٹیفکیشن میں بندش کی وجہ صرف شدید گرمی کی لہر کو بتایا گیا ہے۔حافظ نذیر احمد نے کہاہم اس وقت دو قسم کی گرمی کا سامنا کر رہے ہیں،ایک موسم کی اور دوسری مودی کی طرف سے،نوٹیفکیشن میں حملوں کے خدشے کا ذکر اس لئے نہیں کیا گیا تاکہ عوام میں افراتفری نہ پھیلے،ایک اجلاس کے دوران متفقہ طور پر فیصلہ کیاگیاکہ ہمیں معصوم بچوں کی زندگیوں کو خطرے میں نہیں ڈالناچاہئے، آزاد کشمیر کے صدر کے دفتر نے بھی مدارس کی بندش کو احتیاطی اقدام قرار دیا۔بھارتی وزارت خارجہ نے اس پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔