انٹرنیٹ کی رفتار کم ہونے سے اڑان پاکستان منصوبہ متاثر ہوگا:لیاقت بلوچ

 انٹرنیٹ کی رفتار کم ہونے سے اڑان پاکستان منصوبہ متاثر ہوگا:لیاقت بلوچ

نائب امیر جماعتِ اسلامی پاکستان، اور ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے حالیہ بیان میں حکومت کے معاشی دعووں اور اس کی پالیسیوں پر تنقید کی۔

 انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مہنگائی کے خاتمے کے دعوے حقیقت سے بعید ہیں کیونکہ عوام آج بھی مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں۔لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ زراعت کی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ بجلی، گیس اور تیل کی قیمتوں کو سستا کیا جائے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومت کو سرکاری اور نجی ملازمین کے مسائل حل کرنے کے لیے فوری اقدامات کرنے چاہیے، خاص طور پر سرکاری ملازمین پر عائد ٹیکس کا بوجھ کم کیا جائے۔انہوں نے کرم میں امن کے معاہدے کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ اس میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ وہاں امن قائم ہو سکے۔

اس کے ساتھ ساتھ، لیاقت بلوچ نے اسرائیل کے حوالے سے بھی سخت موقف اپنایا اور کہا کہ اسرائیل صرف غزہ کے لیے نہیں بلکہ پورے خطے کے ممالک کے لیے ایک سنگین خطرہ بن چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کی خاموشی اور بے حسی اس بات کو مزید پیچیدہ بنا رہی ہے اور غزہ کو ملیا میٹ کر رہی ہے۔انہوں نے حکومت کو مشورہ دیا کہ وہ معاشی استحکام کے لیے ٹھوس اقدامات کرے اور پاکستان کی داخلی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کرے۔