لبرٹی چوک پر سی تھرو اسمارٹ میش ٹیکنالوجی کی تنصیب جاری

لبرٹی چوک پر سی تھرو اسمارٹ میش ٹیکنالوجی کی تنصیب جاری

لاہور کے  لبرٹی چوک کو جدید، خوبصورت اور اسمارٹ سٹی کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں سی تھرو اسمارٹ میش ٹیکنالوجی کی تنصیب کا عمل تیزی سے جاری ہے۔

 اس منصوبے کی تکمیل کے بعد لبرٹی چوک ایک جدید اور ماڈرن اسمارٹ اسکوائر کی شکل اختیار کر لے گا۔ذرائع کے مطابق اس جدید منصوبے کے تحت 50 فٹ اونچا اور 25 فٹ چوڑا ٹرانسپیرنٹ فریم نصب کیا جا رہا ہے، جو اپنی منفرد ساخت اور جدید ڈیزائن کے باعث شہریوں کی توجہ کا مرکز بن چکا ہے۔ دبئی کی طرز پر تیار کیا گیا یہ فریم رات کے وقت دلکش روشنیوں اور جدید ڈسپلے کے ذریعے شاندار نظارے پیش کرے گا۔منصوبے کی نمایاں خصوصیت ٹرانسپیرنٹ فریم میں نصب کی جانے والی جدید ایس ایم ڈی اسکرین ہے، جو روایتی اسکرینز کے مقابلے میں زیادہ واضح، جدید اور توانائی بچانے والی ہوگی۔

 اس اسکرین کے ذریعے شہریوں کو معلومات، آگاہی پیغامات، تقریبات اور دیگر اہم اعلانات فراہم کیے جا سکیں گے۔انتظامیہ کے مطابق سی تھرو اسمارٹ میش ٹیکنالوجی کی تنصیب سے نہ صرف لبرٹی چوک کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا بلکہ یہ منصوبہ لاہور کو اسمارٹ سٹی کے وژن کے مزید قریب لے آئے گا۔شہریوں نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ منصوبہ شہر کے حسن میں اضافے کے ساتھ ساتھ لاہور کو عالمی معیار کے جدید شہروں کی صف میں شامل کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔