وزیر اعظم شہبازشریف لندن سے لاہور پہنچ گئے

 لندن میں 4 روز قیام کے دوران اْنہوں نے روٹین کا چیک اپ کرایا 
لاہور(خصوصی رپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف بحرین اور برطانیہ کے 6 روزہ سرکاری دورے کے بعد لندن سے وطن واپس پہنچ گئے۔وزیراعظم کے خصوصی طیارے نے لاہورایئرپورٹ پرلینڈ کیا، شہبازشریف لاہور میں اپنی رہائش گاہ پر قیام کریں گے ان کی نوازشریف سے ملاقات کا امکان ہے۔ وہ آج اسلام آباد کیلئے روانہ ہوں گے۔شہباز شریف 26 نومبر کو اسلام آباد سے خصوصی دورے پر بحرین پہنچے جہاں ایک روز قیام کے بعد وہ برطانیہ روانہ ہوئے۔ وزیراعظم نے لندن میں 4 روز قیام کیا اور پیر کی صبح لندن کے لیوٹن ایئرپورٹ سے پاکستان کے لیے روانگی اختیار کی۔ وزیراعظم کے ہمراہ ان کا وفد بھی موجود تھا۔ وزیراعظم بحرین کے سرکاری دورے کے بعد لندن روانہ ہوئے تھے جہاں ذرائع کا کہنا ہے اپنے قیام کے دوران اْنہوں نے روٹین کا چیک اپ کرایا۔خیال رہے چیف آف ڈیفنس فورسز کی تعیناتی اور نوٹیفکیشن کے حوالے سے ملک میں اپوزیشن اور دیگر حلقوں میں چہ مگوئیاں ہورہی ہیں تاہم حکومتی وزرا اور مشیر اِن کی واپسی پر معاملہ کے حل کا عندیہ دے چکے ہیں۔