ممبئی: بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان ایک عوامی تقریب کے دوران ہجوم میں پھنس گئے، جس کے بعد ان کی سیکیورٹی انتظامات پر سنجیدہ سوالات اٹھ گئے ہیں۔
واقعہ ممبئی کے قریب تھانے کے ایک اسٹیڈیم میں پیش آیا، جہاں اداکار مداحوں سے ملاقات کے لیے پہنچے تھے۔ جیسے ہی سلمان خان اسٹیج کے قریب آئے، مداحوں کی بڑی تعداد ان تک پہنچنے کی کوشش کرنے لگی، جس سے ہجوم بے قابو ہوگیا اور صورتحال کشیدہ ہوگئی۔سیکیورٹی اہلکار ہجوم پر کنٹرول نہیں کر پائے، جس کے بعد پولیس فوری مداخلت کرتے ہوئے سلمان خان کو محفوظ مقام تک منتقل کیا۔ خوش قسمتی سے اس دوران اداکار کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔اس واقعے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں، جس سے مداحوں میں تشویش پیدا ہوئی، خاص طور پر حالیہ قتل کی دھمکیوں کے پس منظر میں ان کی سیکیورٹی پر مزید سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
ماہرین کے مطابق یہ واقعہ سلمان خان کی بے پناہ مقبولیت کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی کے نظام کو مضبوط کرنے کی ضرورت کو ظاہر کرتا ہے۔ادھر سلمان خان کے فلمی منصوبے بھی جاری ہیں۔ ان کی آئندہ فلم ’’ماتر بھومی‘‘ اگست 2026 میں ریلیز متوقع ہے، جبکہ ایک اور بڑے پروجیکٹ میں وہ جنوبی بھارت کی معروف اداکارہ نینتھارا کے ساتھ نظر آئیں گے۔