جاں بحق ہونیوالے بچوں کی شناخت 5 سالہ سعد اور 3 سالہ علیزہ نام سے ہوئی
لاہور (کرائم رپورٹر) ڈی ایچ اے فیز 5 کے علاقے میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں گھر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں دو کمسن بچے جاں بحق ہوگئے۔ریسکیو حکام کے مطابق اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور فائر فائٹرز فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور آگ پر قابو پانے کے لیے کارروائی شروع کی۔جب امدادی اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے تو دونوں بچے کمرے میں مردہ حالت میں پائے گئے جاں بحق ہونے والے بچوں کی شناخت 5 سالہ سعد ولد عنصر اور 3 سالہ علیزہ ولد عنصر کے نام سے ہوئی ہے۔ابتدائی معلومات کے مطابق بچے گھر کے سرونٹ کوارٹر میں اکیلے موجود تھے جبکہ والدین گھر کے نچلے حصے میں مصروف تھے کہ اسی دوران کمرے میں اچانک آگ لگ گئی۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔واقعے نے علاقے میں سوگ کی فضا قائم کر دی ہے۔