لاہور کے 45 سکولوں کے سوا تمام سکولز آج سے کھلیں گے

سیلابی صورتحال کے پیش نظر بند 45 سکولز ریلیف کیمپس میں تبدیل ، بہاولنگر میں تعلیمی ادارے 5 ستمبر تک بند
لاہور( آئی این پی )لاہور شہر کے 45 سکولوں کے سوا تمام سکولز آج (پیر)یکم ستمبر سے دوبارہ تعلیمی سرگرمیاں شروع کریں گے۔ڈی سی لاہور سید موسی رضا نے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ لاہور کے 33 سرکاری اور 12 نجی سکول بند رہیں گے، سیلابی صورتحال کے پیش نظر بند کئے گئے 45 سکولز ریلیف کیمپس میں تبدیل کئے گئے ہیں۔نوٹیفکیشن کے مطابق سنٹرل ماڈل سکول ریٹی گن روڈ، مراکہ، مانگا، چوہنگ، شاداب کالونی اور سگیاں کے سرکاری سکولز بند رہیں گے، تاڑ گڑھ شاہدرہ، بند روڈ شفیق آباد، پری محل شاہدرہ کے سرکاری سکولز بند رکھے جائیں گے۔اسی طرح نیاز بیگ، شاہ پور کانجراں، بند روڈ ، گاشالا، رنگیل پور، خورد پور، چھگیاں بھمہ، موہلنوال، ملتان روڈ، مانوال کے سرکاری سکولوں میں بھی تعلیمی سرگرمیاں شروع نہیں ہوں گی۔علاوہ ازیں قلعہ تراڑ ،مصطفی آباد، ملک پارک، عزیز کالونی، مانگا ہیڑ، جھگیاں باجا، برٹس،ہیون، سٹار، چلڈرن پیراڈائز سکولز بھی بند رہیں گے۔ دوسری جانب دریائے ستلج میں سیلابی صورتحال کے باعث بہاولنگر میں تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ۔حکومت پنجاب کی ہدایت پر اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سرکاری و نجی اسکول ، کالجز اور جامعات 5 ستمبر تک بند رہیں گے۔محکمہ تعلیم پنجاب کا کہنا ہے کہ اکیڈمیز اور ٹیوشن سینٹرز میں بھی سرگرمیاں معطل رہیں گی، مراسلے مطابق تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ دریائے راوی، چناب اور ستلج میں شدید سیلاب کے باعث کیا گیا ہے۔