آئی سی سی نے پلیئنگ کنڈیشنز میں اہم تبدیلیاں متعارف کرا دیں

آئی سی سی نے پلیئنگ کنڈیشنز میں اہم تبدیلیاں متعارف کرا دیں

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے یکم اکتوبر سے شروع ہونے والی بین الاقوامی سیریز کے لیے پلیئنگ کنڈیشنز میں متعدد اہم تبدیلیاں نافذ کر دی ہیں۔

 نئی تبدیلیوں کا مقصد کھیل میں غیر ضروری تاخیر کی روک تھام، گیند کے معیار کو برقرار رکھنا اور فیلڈنگ سے متعلق قوانین کو مزید واضح بنانا ہے۔نئے قوانین کے مطابق مردوں کی بین الاقوامی کرکٹ میں اگر بیٹر مقررہ وقت کے اندر اگلی گیند کا سامنا کرنے کے لیے تیار نہ ہو تو پہلی خلاف ورزی پر وارننگ دی جائے گی، جبکہ دوسری خلاف ورزی پر آخری وارننگ دی جائے گی۔ تیسری اور اس کے بعد ہر خلاف ورزی کی صورت میں فیلڈنگ ٹیم کو 5 اضافی رنز دیے جائیں گے۔آئی سی سی کے مطابق مسلسل یا سنگین خلاف ورزیوں کی صورت میں کھلاڑی کے خلاف ضابطہ اخلاق کے تحت مزید کارروائی بھی کی جا سکتی ہے۔دوسری جانب خواتین کی بین الاقوامی کرکٹ میں استعمال ہونے والی گیندوں کے سائز اور وزن کے حوالے سے بھی معیار مزید واضح اور سخت کر دیے گئے ہیں۔ نئے ضوابط کے تحت مردوں، خواتین اور جونیئر کرکٹ کے لیے گیند کی مختلف خصوصیات مقرر کی گئی ہیں تاکہ کھیل کے معیار میں یکسانیت برقرار رکھی جا سکے۔

آئی سی سی نے ڈے ٹائم ٹیسٹ میچز میں گلابی گیند کے استعمال کا تجرباتی آغاز بھی کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد دن کے اوقات میں گلابی گیند کے استعمال اور اس کے کھیل پر اثرات کا جائزہ لینا ہے۔اس کے علاوہ ٹیسٹ کرکٹ کے آخری اوور سے متعلق قانون میں بھی تبدیلی کی گئی ہے۔ اب اگر دن کے آخری اوور کے دوران کوئی وکٹ گر جاتی ہے تو صرف وکٹ گرنے کی بنیاد پر دن کا کھیل ختم نہیں کیا جائے گا، بلکہ اوور مکمل کیا جائے گا۔آئی سی سی کی جانب سے کی جانے والی ان تبدیلیوں سے میچ کے دوران وقت کے بہتر استعمال، کھیل کے معیار میں یکسانیت اور قوانین کے اطلاق میں مزید وضاحت آنے کی توقع ہے۔