نیٹو کا روس سے جوہری حملوں کی دھمکیاں بند کرنے کا مطالبہ

نیٹو کا روس سے جوہری حملوں کی دھمکیاں بند کرنے کا مطالبہ

نیٹو کے سیکریٹری جنرل مارک روٹے نے روس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جوہری ہتھیاروں کے استعمال سے متعلق دھمکی آمیز بیانات کا سلسلہ بند کرے۔

یہ بیان روس کی جانب سے نیٹو کو بھیجے گئے ایک سفارتی پیغام کے بعد سامنے آیا ہے۔ روس نے خبردار کیا ہے کہ اگر نیٹو نے کالینن گراڈ کو روس کے باقی حصے سے الگ کرنے کی کوشش کی تو ماسکو اپنے تمام دستیاب ذرائع، جن میں جوہری ہتھیار بھی شامل ہیں، استعمال کرسکتا ہے۔کالینن گراڈ روس کا اہم فوجی خطہ ہے جو پولینڈ اور لتھوانیا کے درمیان بحیرۂ بالٹک کے ساحل پر واقع ہے۔روس کا کہنا ہے کہ اسے ایسی اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ نیٹو کالینن گراڈ کی فضائی اور بحری ناکہ بندی کی تیاری کر رہا ہے۔ تاہم نیٹو نے اس دعوے کی تصدیق نہیں کی اور کہا ہے کہ اس کی سرگرمیاں روسی سرزمین کے لیے خطرہ نہیں ہیں۔مارک روٹے نے کہا کہ نیٹو ایک دفاعی اتحاد ہے اور جوہری ہتھیاروں کے استعمال کی دھمکیاں دینا غیر ضروری اور غیر مددگار ہے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ نیٹو کے جائزے کے مطابق اس وقت روس کی جانب سے نیٹو کی سرزمین پر قریبی مدت میں حملے کا کوئی فوری خطرہ نہیں۔کالینن گراڈ روس کا انتہائی عسکری خطہ سمجھا جاتا ہے، جہاں روسی جوہری صلاحیت رکھنے والے اسکندر میزائل بھی تعینات ہیں۔دوسری جانب نیٹو بھی جوہری صلاحیت برقرار رکھتا ہے اور اسے اپنی دفاعی حکمت عملی کا حصہ قرار دیتا ہے۔ نیٹو کے مطابق جوہری ہتھیاروں کا استعمال انتہائی غیر معمولی حالات میں ہی زیر غور آسکتا ہے۔