بین الاقوامی مارکیٹوں میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، گزشتہ روز لندن برینٹ اور امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل کی قیمتوں میں تقریباً 7 سے 8 ڈالر فی بیرل تک کمی ہوئی۔
رپورٹس کے مطابق سعودی پائپ لائن کی بحالی اور آبنائے ہرمز سے تیل کی سپلائی میں بہتری کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں پر دباؤ کم ہوا ہے۔اعداد و شمار کے مطابق امریکی خام تیل کی قیمت 0.90 فیصد کمی کے بعد 89.56 ڈالر فی بیرل ہوگئی، جبکہ برینٹ کروڈ آئل کی قیمت 0.67 فیصد کمی کے بعد 97.29 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آگئی۔دوسری جانب اماراتی مربن خام تیل کی قیمت میں 1.37 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 102.3 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کررہا ہے۔رپورٹس کے مطابق تیل کی سپلائی بحال ہونے کے عمل سے عالمی منڈی میں قیمتوں پر دباؤ کم ہوا ہے، تاہم مارکیٹ میں خام تیل کے نرخوں میں نمایاں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ برقرار ہے۔