پنجاب حکومت کا جدید اور محفوظ ٹرانسپورٹ کا خواب حقیقت میں تبدیل ہونے لگا

پنجاب حکومت کا جدید اور محفوظ ٹرانسپورٹ کا خواب حقیقت میں تبدیل ہونے لگا

پنجاب حکومت نے شہریوں کو معیاری، محفوظ اور جدید سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے اہم فیصلہ کیا ہے جس کے تحت ماس ٹرانزٹ اتھارٹی ایکٹ 2015 کا دائرہ کار گوجرانوالہ اور سرگودھا تک بڑھا دیا گیا ہے۔

 اس اقدام سے یہ دونوں شہر بھی پبلک ٹرانسپورٹ کے امور کی ذمہ داری سنبھالیں گے، جس کا مقصد شہری سفر کو منظم، سستا اور ماحول دوست بنانا ہے۔حکومتی فیصلے کے مطابق، دونوں شہروں میں ماس ٹرانزٹ سروسز کے لیے فزیبلٹی اسٹڈیز، انفراسٹرکچر منصوبے، جدید بسیں، روٹ پلاننگ اور الیکٹرانک ٹکٹنگ سسٹم متعارف کرانے کی تیاریاں جاری ہیں۔ اس منصوبے کا بنیادی مقصد ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنا، شہری سفر کو محفوظ اور آرام دہ بنانا، اور آلودگی میں کمی لانا ہے۔

حکومت نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ کم آمدنی والے طبقے کے لیے کم کرایوں پر معیاری سفری سہولیات فراہم کی جائیں گی، تاکہ شہری ترقی، روزگار کے مواقع اور سرمایہ کاری کو فروغ ملے۔ اس کے علاوہ، بین الاقوامی معیار کی سروسز متعارف کرانے کا ہدف بھی مقرر کیا گیا ہے۔منصوبہ بندی اور عمل درآمد کے لیے مقامی حکومتی ادارے، منصوبہ بندی محکمے اور نجی شعبہ کے اشتراک سے کام کیا جائے گا تاکہ یہ نظام موثر اور قابل اعتماد بنایا جا سکے، اور شہریوں کے لیے بہتر اور جدید سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔