بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے دریا نرمدا میں برگی ڈیم کے قریب سیاحتی کشتی الٹنے سے کم از کم 9 افراد ہلاک ہوگئے ہیں، جبکہ 9 افراد اب بھی لاپتہ ہیں جن میں 5 بچے شامل ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، ریسکیو ٹیموں نے آج صبح 24 افراد کو بچایا ہے، جن میں سے 17 کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔حادثے میں دہلی سے تعلق رکھنے والے ایک خاندان سے ماں اور اس کے 4 سالہ بچے کی موت ہوگئی ہے۔ دونوں کی لاشیں اس حالت میں ملی ہیں کہ ماں نے بچے کو سینے سے لگایا ہوا تھا۔ بچے کا والد اور بہن محفوظ ہیں۔عینی شاہدین کے مطابق، اچانک تیز طوفان اور خراب موسم کے باعث کشتی بے قابو ہو گئی اور پانی سے بھرنے کے بعد ڈوب گئی۔ایک متاثرہ شخص، سید ریاض حسین نے بتایا کہ وہ تقریباً 2 گھنٹے پانی میں پھنسے رہے اور بمشکل سانس لے سکے۔ ریسکیو اہلکاروں نے انہیں بچایا، تاہم ان کے اہل خانہ اب بھی لاپتہ ہیں۔