پان شاپ کے مالک تنویر کے گھر کی چھت زمین بوس ہو گئی
تنویر،رضیہ،وقاص اوروقار کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ،بہو ہسپتال منتقل
لالیاں (خصوصی رپورٹ )لالیاں کے نواحی علاقے بشیر کالونی میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں کمرے کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے چار افراد جاں بحق جبکہ ایک خاتون زخمی ہو گئی۔پان شاپ کے مالک تنویر اپنی اہلیہ، دو بیٹوں اور بہو کے ہمراہ گھر کے واحد کمرے میں سو رہے تھے کہ رات تقریباً بارہ بجے اچانک کمرے کی چھت زمین بوس ہو گئی۔ واقعے کے نتیجے میں پورا خاندان ملبے تلے دب گیا۔اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور امدادی کارروائی کرتے ہوئے تمام افراد کو ملبے سے نکالا، تاہم چار افراد موقع پر ہی دم توڑ چکے تھے جبکہ ایک خاتون کو زخمی حالت میں تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔جاں بحق ہونے والوں میں 50 سالہ تنویر، ان کی 50 سالہ اہلیہ رضیہ، 22 سالہ بیٹا وقاص اور 20 سالہ بیٹا وقار شامل ہیں۔ زخمی بہو زینب کی حالت تسلی بخش بتائی جا رہی ہے۔مرحومین کی اجتماعی نمازِ جنازہ مقامی قبرستان میں ادا کر دی گئی۔