پاکستان جسٹس اینڈ ڈیمو کریٹک پارٹی اوراستحکام پاکستان تحریک ڈی لسٹ
انتخابی نشانات بھی واپس لے لئے گئے ،سیاسی جماعتوں کی تعداد167رہ گئی
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ،بیورو رپورٹ)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے دو سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن ختم کردی جس سے ملک میں سیاسی جماعتوں کی مجموعی تعدادکم ہوکر 167 ہوگئی ہے جبکہ 4 جماعتیں تاحال بغیر سربراہ کے موجود ہیں۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ڈی لسٹ کی جانے والی جماعتوں میں سابق چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی جماعت پاکستان جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی اور استحکام پاکستان تحریک شامل ہیں۔الیکشن کمیشن کے مطابق دونوں جماعتوں کو الیکشنز ایکٹ اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزیوں پر ڈی لسٹ کیا گیا، ان جماعتوں نے نہ تو انٹرا پارٹی انتخابات کرائے اور نہ ہی سالانہ گوشوارے جمع کرائے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے دونوں جماعتوں کو متعدد مواقع فراہم کئے تاہم عدم تعمیل پر 16 اپریل کو ڈی لسٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا، یہ کارروائی الیکشن کمیشن کے پولیٹیکل فنانس ونگ کی سفارش پر عمل میں لائی گئی،دونوں جماعتوں سے ان کے انتخابی نشانات بھی واپس لے لئے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے اس حوالے سے سیاسی جماعتوں کی تازہ ترین فہرست بھی جاری کر دی ہے، جس میں 4 سیاسی جماعتیں بغیر سربراہ کے موجود ہیں۔