خواہش ہے دونوں ملکوں میں دوبارہ امن ہوجائے اور میں ایک بار پھر اپنوں سے ملنے پاکستان آئوں
40 سال بعداپنے بھائی سے ملنے کے لیے پاکستان آنیوالی سرسوتی اچانک واپس جانے پر آبدیدہ ہوگئی
کراچی (خصوصی رپورٹ ) 40سال بعد بھائی سے ملنے بھارت سے کراچی آنے والی خاتون بھی واپس جانے پر مجبور ہوگئی، اپنے دکھی دل کے ساتھ ان کا کہنا تھا کہ ابھی تو میرا دل بھی نہیں بھرا اور مجھے واپس جانا پڑ رہا ہے ۔رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے بھیم پورہ میں واقع مشہور شیو مندر کے ساتھ گھر میں بھارت سے آئی ہوئی خاتون سرسوتی اپنے وطن واپس جانے پر افسردہ ہوگئیں۔40سال قبل شادی کرکے بھارت جانے والی سرسوتی نامی بھارتی خاتون 40سال بعد اپنے بھائی سے ملنے کراچی آئی تھیں، لیکن پاکستان اور بھارت کے درمیان پیدا ہونے والے حالیہ تنازع کے باعث انہیں جلدی واپس جانا پڑ رہا ہے۔ اس حوالے سے بھارتی خاتون سرسوتی نے بتایا کہ جب مجھے اپنے بھائی کی طبیعت خرابی کا پتا چلا تو پاکستان آنے کی کوشش شروع کردی لیکن ویزا بہت دیر سے ملا۔ان کے بھائی نے بتایا کہ جب سے یہ پاکستان آئی ہیں ان کی پرانی سہیلیاں ہی ان سے ملنے آرہی ہیں اور ان کی سب سہیلیاں مسلمان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تو بہن سے دل بھر کے باتیں بھی نہیں کیں اور واپس جانے کی تیاریاں کی جارہی ہیں جس کا بہت افسوس ہے۔سرسوتی کا کہنا تھا کہ کہ میری خواہش ہے کہ دونوں ملکوں میں دوبارہ امن ہوجائے اور میں ایک بار پھر اپنوں سے ملنے پاکستان آئوں۔بھارت سے آئی ہوئی خاتون سرسوتی کے اچانک واپس جانے پر انکے پاکستانی عزیز و اقارب کو بھی افسردہ ہوگئے ۔