نئی دہلی (نیٹ نیوز) بھارتی ریاست بہار میں طالبہ نے بورڈ امتحان کے لیے سینٹر جاتے ہوئے راستے میں اپنے محبوب سے شادی کر لی۔ اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے بحث کا موضوع بن گئی۔نیوز 18 کے مطابق پورے ہندوستان میں بورڈ امتحانات کا سیزن ہے اور طلبہ پر دباؤ عروج پر ہے۔ ہر امتحان اہمیت رکھتا ہے لیکن بورڈ امتحانات کا خوف طلبہ کو بے خوابی، بے چینی اور ذہنی دباؤ میں مبتلا کر دیتا ہے۔ والدین بھی اپنے بچوں کے نتائج کے بارے میں پریشان رہتے ہیں اور خاص طور پر لڑکیوں پر اچھے نمبروں کے لیے زور دیا جاتا ہے، بصورت دیگر شادی کا دباؤ ڈال دیا جاتا ہے۔ایسا ہی کچھ بہار کی اس طالبہ کے ساتھ ہوا جس کے لیے شادی بورڈ امتحان سے زیادہ اہم ثابت ہوئی۔ 22 فروری کو جب بہار بورڈ کا انگریزی کا پرچہ ہو رہا تھا، ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک طالبہ امتحان دینے جا رہی تھی کہ راستے میں اس کا محبوب ملا۔ اس نے بغیر کسی تاخیر کے لڑکی کی مانگ میں سندور بھر دیا اور شادی کرلی۔یہ منظر نہ صرف جذباتی تھا بلکہ حیران کن بھی، کیونکہ لڑکی نے اس موقع کو قبول کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔ لڑکے نے اس پورے لمحے کی ویڈیو بنائی اور سوشل میڈیا پر شیئر کر دی، جس کے بعد یہ تیزی سے وائرل ہو گئی۔