مظفرآباد میں عوامی ایکشن کمیٹی اور وفاقی حکومتی کمیٹی کے مذاکرات ختم، مذاکرات ناکام نہیں ہوئے،کسی بھی وقت دوبارہ ہو سکتے ہیں، مذاکرات کے بعد ہی آزادکشمیر میں عام انتخابات کا شیڈول جاری کرنیکا فیصلہ ہوگا
مظفر آباد (آئی این پی) مظفرآباد میں عوامی ایکشن کمیٹی اور وفاقی مذاکراتی کمیٹی کے مذاکرات ختم ہوگئے۔عوامی ایکشن کمیٹی نے 9 جون کو ہڑتال اور لانگ مارچ کی کال برقرار رکھنے کا اعلان کردیا۔مشیر وزیراعظم سینیٹر رانا ثنااللہ نے کہاکہ مذاکرات ناکام نہیں ہوئے،کسی بھی وقت دوبارہ ہو سکتے ہیں، آزاد کشمیر کے انتخابات آئین کے مطابق ہوں گے۔ رانا ثنااللہ نے کہا حکومت آزادکشمیر نے اس صورتحال میں آل پارٹیز کانفرس بلانے کا فیصلہ کیا ہے، 6 یا 7 جون تک دوبارہ میٹنگ کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر میں مہاجرین کی 12 نشستوں کے خاتمے سمیت عوامی ایکشن کمیٹی کے 38 نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ پر مذاکرات ہوئے۔ذرائع کے مطابق مذاکرات کے بعد ہی آزادکشمیر میں عام انتخابات کا شیڈول جاری کرنیکا فیصلہ ہوگا۔یاد رہے کہ مذاکرات میں رانا ثنا اللہ ، قمرزمان کائرہ ، راجہ پرویز اشرف، احسن اقبال، وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور اور عوامی ایکشن کمیٹی کے ارکان نے شرکت کی۔