لاہور سے بہاولنگر جانیوالی بس میں آگ

موٹروے پولیس  نے 45 سے زائد مسافروں کو بحفاظت باہر نکال لیا 
لاہور(کرائم رپورٹر )قومی شاہراہ پر پتوکی کے قریب لاہور سے بہاولنگر جانے والی ایک مسافر بس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ موٹروے پولیس کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے باعث بس میں سوار 45 سے زائد تمام مسافروں کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا، کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق آگ لگنے کے واقعے کے فوراً بعد موٹروے پولیس نے موقع پر پہنچ کر ریسکیو کارروائی شروع کی۔ مسافروں کو فوری طور پر بس سے اتار کر محفوظ مقام پر منتقل کیا گیاواقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی موٹروے پولیس اور پٹرولنگ افسران جائے وقوعہ پر پہنچ گئیسیکٹر کمانڈر عاطف شہزاد امدادی کارروائیوں کی نگرانی کر رہے ہیں،جبکہ ریسکیو 1122 اور دیگر امدادی اداروں کو بھی اطلاع دے دی گئی ہے آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔موٹروے پولیس نے مسافروں کے تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بروقت اقدامات کے باعث ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔