لاہور میں بارش سے لیسکو کے 70 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے‘بجلی کئی گھنٹے بند رہی
آئندہ 2 روز کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں اور ژالہ باری کا امکان ہے:پی ڈی ایم اے
لاہور(سپیشل رپورٹر) شدید حبس کے بعد لاہور کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا، تاہم بجلی کا ترسیلی نظام متاثر ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔محکمہ موسمیات کے مطابق ایبٹ روڈ، لکشمی چوک، شملہ پہاڑی، جیل روڈ، اپر مال، مغل پورہ، تاجپورہ، چوک ناخدا، پانی والا تالاب، فرخ آباد، گلشن راوی، سمن آباد، شادی پورہ اور سگیاں سمیت مختلف علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی۔بارش کے باعث لیسکو کا بجلی کا ترسیلی نظام بھی متاثر ہوا اور 70 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے۔فیڈرز ٹرپ ہونے اور دیگر تکنیکی خرابیوں کے باعث قلعہ گجر سنگھ، سمن آباد، والٹن روڈ، آر اے بازار، ہربنس پورہ، شالیمار، عامر ٹان، باغبان پورہ، شاہدرہ اور اندرون لاہور کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی‘ملتان، ڈی جی خان‘تھرپارکر اور بہاولنگر میں تیز ہوا کے ساتھ موسلادھار بارش کے باعث گرمی کی شدت میں کمی آگئی ‘خیبرپختونخوا کے کئی علاقوں میں بھی بارش ہوئی۔پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے آئندہ 2 روز کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے