بھارتی وزیر خارجہ نے ڈھاکہ میں ایازصادق سے ہاتھ ملالیا خوشگوار جملوں کا تبادلہ

ملاقات سابق بنگلہ دیشی وزیراعظم خالدہ ضیاء کی رہائش گاہ پر ہوئی ‘بھارتی وزیر خارجہ خود چل کر ایاز صادق کی نشست پر آئے اور مصافحہ کیا‘ سردار ایاز صادق نے بھی مسکرا کر جواب دیا
 دونوں نے چند منٹ کی گفتگو کے دوران ایک دوسرے کی خیریت دریافت کی‘خیر مقدمی کلمات کا بھی تبادلہ  ‘پاک بھارت جنگ کے بعد اعلی سطح پر دونوں ممالک کے رہنماؤں کا پہلی بار آمنا سامنا 
سپیکر ایاز صادق کی خالدہ ضیا کے بیٹے طارق رحمان اور بیٹی سمیت بنگلہ دیش کی  اہم  شخصیات سے ملاقاتیں،سابق  وزیر اعظم کے انتقال پر اظہار تعزیت،صدر ،وزیر اعظم کا پیغام بھی پہنچایا 
ڈھاکہ (آن لائن‘آئی این پی)بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کی سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات ہوئی۔ملاقات سابق بنگلہ دیشی وزیراعظم خالدہ ضیاء کی رہائش گاہ پر ہوئی ۔بھارتی وزیر خارجہ خود چل کر سپیکر سردار ایاز صادق کی نشست پر آئے اور مصافحہ کیا ۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بھی مسکرا کر ان کا جواب دیا ۔دونوں نے چند منٹ کی گفتگو کے دوران ایک دوسرے کی خیریت دریافت کی۔دونوں کے درمیان خیر مقدمی کلمات کا بھی تبادلہ ہوا ۔پاک بھارت جنگ کے بعد اعلی سطح پر دونوں ممالک کے رہنماؤں کا پہلی بار آمنا سامنا ہوا ہے۔دریں اثناء  قبل ازیںسردار ایاز صادق  بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کی رہائش گاہ پہنچے ۔سپیکر سردار ایاز صادق نے مرحومہ خالدہ ضیا کے بیٹے طارق رحمان اور بیٹی سے ملاقات کی اور ان کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا۔سپیکر سردار ایاز صادق نے اس موقع پر  طارق رحمان سے گفتگو  کرتے ہوئے کہا کہ دکھ اور رنج کی اس گھڑی میں حکومت پاکستان اور عوام آپ کے ساتھ کھڑے ہیں ۔مرحومہ خالدہ ضیا کے بیٹے اور بیٹی نے تعزیت اور نماز جنازہ میں شرکت پر سپیکر سردار ایاز صادق کا شکریہ ادا کیا ۔دریں اثناسپیکر سردار ایاز صادق نے بنگلہ دیش کے نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر خلیل الرحمن سے بھی ملاقات کی،سپیکر سردار ایاز صادق نے صدر اور وزیراعظم پاکستان کی جانب سے اظہار ہمدردی و تعزیت کا پیغام پہنچایا۔سپیکر سردار ایاز صادق نے مشیر قانون بنگلہ دیش آصف نظرل سے بھی ملاقات  کی ۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا ۔