پاکستان عالمی امن کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا

پاکستان عالمی امن کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا

نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں سفیروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عالمی امن اور سیکیورٹی کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

 انہوں نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان کی غیر مستقل رکنیت کو ایک اعزاز قرار دیا اور اس پر فخر کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اقوامِ متحدہ کے ممبر ممالک کا شکریہ ادا کیا جو پاکستان پر اپنے اعتماد کا اظہار کرتے ہیں۔اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان یو این چارٹر کی پاسداری کے لیے پُرعزم ہے اور اپنے تمام عالمی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال اور کشمیر کے مسئلے کو اجاگر کیا، جس کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ یہ مسئلہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔

وزیرِ خارجہ نے عالمی سطح پر موجودہ چیلنجز اور مسائل کی طرف بھی توجہ دلائی اور کہا کہ دنیا اس وقت مسائل اور چیلنجز کے دہانے پر کھڑی ہے۔ اسحاق ڈار نے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں اپنے کردار کو بھرپور طریقے سے ادا کرے گا اور سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود مسائل کے حل کے لیے بھی اپنا حصہ ڈالے گا۔اس خطاب کے دوران، وزیرِ خارجہ نے عالمی سطح پر امن اور استحکام کے لیے پاکستان کے پختہ ارادے کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان ہمیشہ اپنے عالمی کردار میں ذمے داری کا مظاہرہ کرے گا۔